ویب ڈیسک (پی این آئی)یوٹیوب میں ایک ایسا دلچسپ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو اب تک اس ویڈیو شیئرنگ سروس میں موجود نہیں تھا۔
یوٹیوب پریمیئم میں سلیپ ٹائمر نامی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔اس طرح کا فیچر اکثر مقبول میوزک اور پوڈ کاسٹ ایپس میں موجود ہوتا ہے تاکہ انہیں استعمال کرتے ہوئے اگر صارفین میٹھی نیند سو جائیں تو وہ سروس خودکار طور پر ایک مخصوص وقت پر بند ہو جائے۔اس فیچر کے ذریعے صارفین ایک مخصوص دورانیے کو سیٹ کر سکیں گے اور ویڈیوز اس وقت پر خودکار طور پر رک جائیں گی۔
یوٹیوب پریمیئم صارفین اس ٹائمر کو سیٹنگز میں Try experimental new features پر جاکر ان ایبل کر سکتے ہیں۔ایسا کرنے کے بعد ویڈیو پلیئر کے سیٹنگز مینیو میں سلیپ ٹائمر کا آپشن نظر آنے لگے گا۔وہاں آپ 10 منٹ، 15 منٹ، 20 منٹ، 30 منٹ، 45 منٹ، 60 منٹ یا ویڈیو کے اختتام تک کا دورانیہ سیٹ کرسکتے ہیں۔جب یوٹیوب کی جانب سے ویڈیو کو روک دیا جائے گا تو ایک پوپ اپ نوٹیفکیشن کے ذریعے پوجھا جائے گا کہ آپ اس دورانیے کو بڑھانا چاہتے ہیں یا نہیں۔
یوٹیوب کے ایک پیج کے مطابق سلیپ ٹائمر فیچر پریمیئم صارفین کو 2 ستمبر تک دستیاب ہوگا۔اس کے بعد توقع ہے کہ اس فیچر کو مستقل بنیادوں پر متعارف کرایا جائے گا اور اس سروس کو مفت استعمال کرنے والوں کو بھی دستیاب ہوگا۔خیال رہے کہ سلیپ ٹائمر جیسا فیچر یوٹیوب میوزک ایپ میں پہلے سے موجود ہے مگر اب اسے ویڈیو سروس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں