فائیو جی انٹرنیٹ سروس کب سے شروع ہوگی؟ خوشخبری سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی ) حکومت نے ملک میں فائیوجی انٹرنیٹ سروسز رواں سال جولائی اگست میں شروع ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔

پاکستان سافٹ وئیر ہائوس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات عمر سیف نے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک کی تعمیر و ترقی کے عمل میں آئندہ منتخب حکومت کے لئے نہایت معاون ثابت ہوگی۔اپنے خطاب میں انہوں نے ٹیلی کام ٹربیونل کے قیام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اقدام ٹیلی مواصلات کے شعبے کی مجموعی ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کے درمیان تنازعات کے فوری اور موثر حل میں اہم کردار ادا کرے گا‘، اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں سستے اور معیاری موبائل فونز کی تیاری کو فروغ دینے کے ذریعے موبائل فونز کی درآمد کم کرنے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔

عمر سیف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک میں فائیوجی انٹرنیٹ سروسز رواں سال جولائی اگست میں شروع کی جائیں گی اور تین سومیگاہرٹز سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا، اس کے علاوہ حکومت نے ملک بھر میں دس ہزار ای روزگار مراکز قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے جہاں فری لانسرز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں کیلئے تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close