واٹس ایپ نے صارفین کیلئے ایک اور دلچسپ تبدیلی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)اسٹوریز اب ہر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپ کا ایک لازمی جزو ہے، جس سے صارفین اپنے روزمرہ کے مختلف لمحات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

یہ اسٹوریز 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتی ہیں۔ واٹس ایپ میں اسٹوریز کو اسٹیٹس کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔ اگر آپ واٹس ایپ اسٹیٹس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے اسٹیٹس فیچر میں کئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ نئی تبدیلیاں واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں نظر آئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس کے دورانیے کو بڑھایا جا رہا ہے۔ ابھی ایک اسٹیٹس 24 گھنٹے میں خودکار طور پر غائب ہو جاتا ہے مگر نئی تبدیلی کے بعد صارفین کے پاس 4 آپشنز ہوں گے۔ 24 گھنٹے، 3 دن، ایک ہفتے اور 2 ہفتے کے آپشنز میں سے صارفین اپنی مرضی کے وقت کا انتخاب کر سکیں گے۔

البتہ وہ اس وقت کو اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی وقت تبدیل کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ فروری 2023 میں کمپنی کی جانب سے وائس اسٹیٹس کو بھی ایپ کا حصہ بنایا گیا تھا۔ اسی طرح پرائیویٹ آڈینس سلیکٹر بھی اس کے ساتھ پیش کیا گیا تھا تاکہ اگر کوئی صارف اپنے اسٹیٹس کو مخصوص افراد تک محدود کرنا چاہے تو اس کے لیے ایسا ممکن ہو۔

close