جامعہ کراچی میں ہیلتھ انکیوبیٹر، سائنس و ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کا اعلان

کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سید امین الحق نے کہا ہے کہ ان کے دور وزارت میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیئے گئے، ٹیلی کام سیکٹر میں 7 ارب 10 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی، حکومت کو اربوں روپے ریونیو کما کردیا گیا، آئی ٹی ایکسپورٹ 90 کروڑ ڈالرز سے بڑھا کر 2 ارب 60 کروڑ ڈالرز تک پہنچا دی، 33 لاکھ فری لانسرز کو آن لائن تربیت دی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل و بائیولوجیکل سائنس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یادداشت پر دستخط ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹراقبال چوہدری نے کیئے۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمان، وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، چیف ایگزیکٹیو اگنائٹ عاصم شہریار حسین، چیف ایگزیکٹیو پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ علی رضا، محترمہ نادرہ پنجوانی اور عزیز لطیف جمال نے بھی خطاب کیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ معاہدے کے تحت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ جامعہ کے اس شعبے میں ہیلتھ انکوبیٹر اور ٹیکنالوجی پارک قائم کرے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور اکیڈمیا کو باہم مربوط کیا جائے، جامعہ میں ہیلتھ انکوبیٹر کے قیام سے طب سے متعلق اسٹارٹ اپس کو بڑی مدد ملے گی، جبکہ سائنس وٹیکنالوجی پارک کا قیام طلبہ و طالبات کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا اہم راستہ بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور وزارت میں جو انقلابی اقدامات کیئے وہ کئی دہائی قبل ہوجانے چاہیئے تھے، پاکستانی نوجوان صلاحیت و قابلیت کے اعتبار سے دنیا منفرد مقام رکھتے ہیں، ضرورت یہ تھی کہ ان نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں خود کو منوانے کے مواقع فراہم کیئے جائیں، اہم نے اپنی بھرپور کوشش کی ہے کہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں 77 ارب 80 کروڑ روپے لاگت سے براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 83 منصوبے، شروع کیئے گئے جو تکمیل کے قریب ہیں تاکہ دیہی و شہری تفریق ختم ہوسکے اور پسماندہ علاقوں کے بھی ہنر مند ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ 40 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس، 8 نیشنل انکوبیشن سینٹرز، 33 لاکھ فری لانسرز کی تربیت گزشتہ 4 سال کے ہمارے اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد عراقی نے اعتراف کیا کہ وزیر آئی ٹی امین الحق نے 3 سال قبل جامعہ کے ساتھ 2 ارب روپے سے زائد مالیت کے اسٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر آف ایکسیلینس گیمنگ اینڈ اینمیشن کے قیام کے عمل کا آغاز کرمفاہمتی یادداشت پر دستخط کیئے گئے تھے لیکن کچھ مجبوریوں کی بنا پر جامعہ کراچی اس منصوبے پر ساتھ نہ چل سکی۔ اب ہماری خواہش ہے کہ وزیر آئی ٹی جامعہ کے شعبہ امتحانات کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کے منصوبے کا اعلان کریں تاکہ ڈھائی لاکھ سے زائد امیدواران کو ڈیجیٹل ذرائع میسر آسکیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے موقع پر ہی ممبر آئی ٹی اور نینشل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں فوری اقدامات کرتے ہوئے شعبہ امتحانات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیئے تیزی سے اقدامات کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close