واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک اور زبردست فیچر متعارف

اسلام آباد(پی این آئی)واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زیادہ افراد کرتے ہیں۔ مگر موجودہ عہد میں لوگ بہت جلد اسمارٹ فونز بدلتے رہتے ہیں جس کے باعث واٹس ایپ ڈیٹا کو ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں گوگل ڈرائیو کے ذریعے ٹرانسفر کرنا اکثر پیچیدہ محسوس ہوتا ہے اور کافی وقت بھی لگ جاتا ہے۔ مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ نے یہ عمل اب بہت آسان بنا دیا ہے۔ اب پرانے سے نئے فون میں چیٹ ہسٹری کو ایک کیو آر کوڈ اسکین کرکے ٹرانسفر کرنا ممکن ہو جائے گا۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے اپنے انسٹاگرام چینل پر اس نئے واٹس ایپ فیچر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کے ذریعے ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔ اس فیچر پر کمپنی کی جانب سے جنوری 2023 سے کام کیا جا رہا تھا اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ وائی فائی سے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کسی کلاؤڈ سروس سے ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوتا ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے پہلے پرانی ڈیوائس پر واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں چیٹ سیکشن میں جائیں۔ وہاں ٹرانسفر چیٹس کے آپشن پر کلک کرکے کیو آر کوڈ اوپن کریں اور پھر نئے فون پر اس کوڈ کو اسکین کریں۔

چند سیکنڈ میں یہ کام مکمل ہوجائے گا اور ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل ہو جائے گا۔ مگر یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب دونوں ڈیوائسز میں ایک ہی آپریٹنگ سسٹم موجود ہو یعنی اینڈرائیڈ سے اینڈرائیڈ یا آئی او ایس سے آئی او ایس میں ہی ڈیٹا منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اینڈرائیڈ فون سے آئی فون میں ڈیٹا منتقل کرنے کی کوشش کریں گے تو اس طریقہ کار سے ممکن نہیں ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close