آئی فون 15سیریز مارکیٹ میں متعارف ہونے سے پہلے ہی قیمت بھی سامنے آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)آئی فون 15 سیریز ابھی تک متعارف نہیں کرائی گئی مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز گزشتہ سال کے آئی فونز کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہو سکتے ہیں۔ ایپل کی جانب سے آئی فون 14 سیریز متعارف کراتے ہوئے عالمی سطح پر تو قیمتوں میں اضافہ کیا گیا مگر امریکا میں ایسا نہیں کیا گیا۔

مگر اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 سیریز کی قیمتوں میں 200 ڈالرز تک کا اضافہ ہو سکتا ہے، بالخصوص آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ امکان ہے۔ آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس کی قیمتیں بالترتیب 799 اور 899 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ آئی فون 15 پرو کو خریدنے کے لیے کم از کم 1099 ڈالرز خرچ کرنا ہوں گے جبکہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز سے شروع ہوگی۔ خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔ اس سال تمام آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہوگا جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔ کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔ آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔ اسی طرح مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں ایپل کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا کیمرا سنسر موجود ہوگا۔ 48 میگا پکسل کیمرا سنسر کا حجم 1/1.14 انچ ہوگا جو روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے کے ساتھ ساتھ باریک تفصیلات بھی محفوظ کر سکے گا۔ ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔ اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔ یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

close