پٹرول کو ماریں گولی، شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی مارکیٹ میں آنے کو تیار

ایمسٹرڈیم (پی این آئی) روز بروز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کو شدید مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔ ایسے لوگ جو پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی مارکیٹ میں آنے کو تیار ہے۔ غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یورپی ملک نیدرلینڈز کی ایک کمپنی لائٹ ایئر 150 ملین یورو کی سرمایہ کاری کے تحت ’لائٹ ایئر او‘ نامی گاڑی متعارف کرا رہی ہے۔ اس گاڑی میں لگے سولر پینلز دوران سفر اور کھڑی ہوئی گاڑی کی بیٹری کو بھی چارج کریں گے۔

جس سے گاڑی کو 70 کلومیٹر تک چلایا جاسکتا ہے۔
گاڑی سے متعلق سامنے آنے والی مزید تفصیلات کے مطابق جن ملکوں میں دھوپ زیادہ ہوتی ہے وہاں یہ گاڑی سورج کی مدد سے 7 ماہ تک ازخود چارج ہوکر صارف کو سہولت فراہم کرسکتی ہے جبکہ موسم ابرآلود ہونے کی صورت میں گاڑی کو عام الیکٹرک کار کی طرح چارج کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی توانائی کم سے کم استعمال کرے اس لئے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اس میں لگنے والی الیکٹرک موٹرز اور اندرونی حصوں میں لگنے والی چیزوں کا وزن کم سے کم ہو۔

بتایا گیا ہے کہ مارکیٹ میں لانچنگ کے وقت اس گاڑی کی قیمت 30 ہزار ڈالر کے لگ بھگ ہوگی جو آہستہ آہستہ کم ہوتی چلی جائے گی۔۔۔۔

close