پاکستان دنیا کے بلند ترین مقام پر انٹرنیٹ کی سہولت پہنچانے والا ملک بن گیا، کے ٹو بیس کیمپ پر تیز ترین انٹرنیٹ سروس شروع ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) اور ٹیلی کام آپریٹرز سیاحتی مقامات پر ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔کوہ پیماؤں اور ٹریکنگ کرنے والے افراد کو رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کے ٹو بیس کیمپ ایریا کنکورڈیا میں 4 جی بیس ٹرانسیور اسٹیشن (بی ٹی ایس) لگایا گیا ہے۔اس سائٹ کا نام کوہ پیما علی سدپارہ کی یاد میں رکھا گیا ہے۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو بیس کیمپ پر رابطے کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے یہ ٹاور نصب کیا ہے۔ اس سائٹ کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کے حالیہ دورے کے دوران کیا تھا۔موبائل کوریج اور انٹرنیٹ تک رسائی کوہ پیما ؤں اور ٹریکنگ گروپوں کو اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کرنے کے لئے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔اس سے ایڈونچر سیاحت کو فروغ اور موسم کی صورتحال سے آگاہی میں بھی مدد ملے گی۔ ملک کے کونے کونے میں رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے یہ سائٹ حکومت، آپریٹر او ریگولیٹر کی کاوشوں کا ایک ثبوت ہے۔ دریں اثناء ٹیلی مواصلات و انفارمیشن سوسائٹی کے عالمی دن کی مناسبت سے وزارت آئی ٹی میں اہم اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمدس صدیقی نے کی، اس موقع پر ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، ممبر لیگل، بابر سہیل، ممبر انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اجمل اعوان سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ممبر ٹیلی کام نے اجلاس کو پاکستان میں ٹیلی مواصلات کے شعبے میں اب تک کیئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی کے تحت ملک کے دور دراز علاقوں میں موبائل فون رابطوں اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کیلئے 30 ارب روپے سے زائد کے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں جبکہ عوام کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کیلئے متعدد ترغیبی پروگرامز اور پالیسیز کا اجراء کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں عالمی دن کے موقع پر انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے ممبر ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی پاکستان کی جانب سے وزارت آئی ٹی کی نمائندگی ممبر انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اجمل اعوان نے کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی کے منصوبوں اور کابینہ سے منظور ہونے والی مختلف پالیسیوں کی تفصیلات سے ممبر ممالک کو آگاہ کیا گیا۔ آئی ٹی یو ممبران نے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے باہمی تعاون کا یقین دلایا۔

close