نیویارک (پی این آئی)واٹس ایپ کا شمار دنیا کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل ایپلی کیشنز میں ہوتا ہے، جس کے صارفین روزانہ کی بنیاد پر اِس کا استعمال کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اِس پلیٹ فارم کی اہمیت بھی اُتنی ہی زیادہ ہے، لیکن اب واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مخصوص آئی فون کے لیے اپنی
سروس بند کر دے گا، جس کے بعد مذکورہ صارفین اپنے موبائل فونز میں واٹس ایپ کی سہولیات سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج میں بتایا ہے کہ آئی او ایس 9 پر کام کرنے والے آئی فونزز کے لیے دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ کی سپورٹ ختم کی جارہی ہے۔یعنی اب آئی فون 4 اور 4 ایس پر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔کمپنی کی جانب سے کسی واضح تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا گیا مگر آئندہ چند ہفتوں میں ان پر واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔اسی طرح آئی فون 5، 5 ایس اور 5 سی ماڈلز جن میں اب تک آئی او ایس 9 آپریٹنگ سسٹم ہے، انہیں واٹس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے آپریٹنگ سسٹم کو آئی او ایس 10 یا اس کے بعد کے ورژنز سے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ابھی یہ واضح نہیں کہ ایپل کے ان پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر مبنی فونز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کتنی ہوسکتی ہے، مگر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کروڑوں میں ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ واٹس ایپ نے 2020 کے اختتام پر کروڑوں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز کے لیے سپورٹ خم کردی تھی۔اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ آئی او ایس 9 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کی جارہی ہے۔جہاں تک اینڈرائیڈ فونز کی بات ہے تو اینڈرائیڈ 4.0.3 سے پہلے کے فونز میں واٹس ایپ سپورٹ
ختم کی گئی۔واٹس ایپ کی جانب سے مخصوص آئی فون صارفین کے لیے سروس بند کیے جانے کے بعد صارفین نے کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کروڑوں صارفین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور واٹس ایپ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ مخصوص آئی فون صارفین کیلئے اپنی سہولیات بحال کریں، وگرنہ دوسری صورت میں وہ کسی متبادل ایپلی کیشن پر منتقل ہو جائیں گے اور واٹس ایپ کا استعمال ترک کر دیں گے۔ ابھی تک واٹس ایپ نے صارفین کی تنقید کا کوئی واضح جواب ہیں دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں