بھارت سے شکست پر پروفیسر محمد حفیظ بھی کپتان بابراعظم پر برس پڑے

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے بھارت کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد بابر اعظم کی کپتانی پر سوالات اٹھادیے۔ محمد حفیظ نے سرکاری ٹی وی کے ورلڈکپ اسپیشل شو میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ‘ہمارے یہاں مقدس گائے بنادی جاتی ہے کہ اس پر بات نہیں کرسکتے، ایسے ہی بابر کی کپتانی کو مقدس گائے بنادیا گیا ہے ‘۔

انہوں نے کہا کہ لگاتار تیسرے بڑے میچ میں بابر کی کپتانی کی خامیاں نظر آئی ہیں اور ہم یہ کہتے ہیں کہ 32 سال کی عمر میں وہ سیکھ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ، آپ کپتان ہیں تو آپ نے ذمہ داری لینی ہے ، یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں سیکھ رہا ہوں۔گزشتہ سال ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ کا سیمی فائنل ہارے اس میں بھی کپتانی کی خامیاں نظر آئیں۔ حفیظ نے کہا کہ آج کے میچ میں بھی جب 7 سے 11 اوورتک بھارتی بیٹرز سست کھیل رہے تھے تو اس وقت نواز کے اوور کیوں نہیں مکمل کروائے گئے ؟،کیوں اس کا آخری اوور بچایا گیا؟ آپ اتنی بڑی غلطی کیسے کرسکتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف انتہائی اہم میچ جیت سکتے تھے پر غلطیوں کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی۔ 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو پاکستان کے خلاف آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے، وہ اوور محمد نواز نے کرایا، جس میں بھارت نے آخری گیند پر ہدف مکمل کرکے 4 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close