پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں بائیکاٹ کے اس فیصلے کی وجوہات بھی واضح کی گئی ہیں۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق، پی سی بی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ حالات اور بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا ہے۔ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ گروپ اے میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں حصہ نہیں لے گا۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کی بنیادی وجہ کھلاڑیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات بتائی گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا یہ اقدام بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی ہے اور آئی سی سی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کے ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کیے جائیں، کیونکہ بھارت میں سیکیورٹی صورتحال پر انہیں شدید خدشات لاحق ہیں۔
بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئندہ سیزن سے قبل اسکواڈ سے ریلیز کر دیا، جسے بنگلہ دیشی حلقوں میں منفی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






