فہیم اشرف کی دھواں دار اننگز، پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹ سے ہرا دیا۔ 148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم نے آخری اوور میں فتح حاصل کی، جہاں فہیم اشرف کی دلیرانہ بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور شائقین کو کھڑے ہو کر داد دینے پر مجبور کر دیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ابتدا ہی میں پاکستان نے دباؤ ڈال دیا، پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب میکس ڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ اس کے بعد محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کر کے دوسری وکٹ 31 رنز پر حاصل کی۔

تیسری وکٹ 65 رنز پر گری، جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر پویلین بھیجا۔ نیدرلینڈز کے بیٹرز نے ایک شراکت داری کے ذریعے اسکور 105 تک پہنچایا، تاہم محمد نواز نے بروقت وکٹ لے کر اس پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔ اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز نے شاندار کیچز پکڑے اور نیدرلینڈز کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں لیں، شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان وکٹ لینے میں ناکام رہے اور 4 اوورز میں 26 رنز دیے۔

ہدف کا تعاقب: اتار چڑھاؤ سے بھرپور سفر
پاکستان کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیز آغاز فراہم کیا، مگر وہ 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 53 رنز پر گری، جب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

98 رنز پر پاکستان کو بڑا جھٹکا لگا، جب صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر اور عثمان خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے فوراً بعد بابر اعظم بھی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس سے میچ نیدرلینڈز کی گرفت میں آتا دکھائی دینے لگا۔

114 رنز پر محمد نواز اور شاداب خان کے آؤٹ ہونے کے بعد صورتحال مزید سنسنی خیز ہو گئی، لیکن فہیم اشرف نے ذمہ داری سنبھالی اور آخری لمحات میں شاندار شاٹس کھیل کر پاکستان کو فتح دلوا دی۔ فہیم اشرف نے صرف 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے اور میچ کے ہیرو قرار پائے۔

پاکستان ٹیم
اس میچ میں پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان گروپ اے میں شامل ہے، جہاں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان 2009ء میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت چکا ہے، جبکہ 2022ء میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ افتتاحی میچ میں یہ کامیابی پاکستان کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی، اور فہیم اشرف کی اننگز شائقین کے دلوں میں دیر تک یاد رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close