انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کولمبو تو پہنچ چکی ہے، مگر اس بار کرکٹ کے سب سے بڑے روایتی مقابلے، یعنی پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کا امکان ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
اس خبر کے سامنے آتے ہی شائقینِ کرکٹ جہاں مایوسی کا شکار ہوئے، وہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر طنز و مزاح اور میمز کا طوفان آ گیا۔ خاص طور پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں مشروط شرکت کے اعلان کے بعد صارفین نے اس معاملے کو خوب تفریح کا رنگ دے دیا۔ اس فیصلے کی وجہ پہلے ایشیا کپ کے دوران سیاست کا کھیل میں داخل ہونا اور بعد ازاں بنگلادیش کے معاملے پر آئی سی سی کے مبینہ جانبدارانہ رویے کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اعلان کے فوراً بعد پاکستانی صارفین حسبِ روایت متحرک ہو گئے اور سوشل میڈیا پر پڑوسی ملک پر طنزیہ جملوں اور دلچسپ تبصروں کی بھرمار ہو گئی۔
پس منظر میں یہ حقیقت بھی شامل رہی کہ پاکستان اس سے قبل بھارت کے خلاف اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کر چکا تھا، جس پر کئی صارفین نے مزید چٹکلے چھوڑے۔ بعض نے تو آئندہ برسوں میں بھی روایتی حریف کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے امکانات پر مزاحیہ انداز میں تبصرے کیے۔ دلچسپ طور پر متعدد صارفین نے بھارتی ٹیم کے لیے ہمدردی کا اظہار بھی کیا، جو ایک ایسے مقابلے کی تیاری میں مصروف تھی جس کے کھیلے جانے کا امکان ہی باقی نہیں رہا۔
سنجیدہ زاویے سے دیکھا جائے تو ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے کے واقعے کے بعد پاکستان کے اس فیصلے پر بڑی تعداد میں شائقینِ کرکٹ مطمئن نظر آتے ہیں۔ مجموعی طور پر، اس غیر متوقع صورتحال نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ مقابلہ نہ ہونے پر براڈکاسٹرز کی تشویش واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






