آسٹریلیا کی شکست! پاکستان نے 7 سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 90 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی۔ یوں پاکستان نے 7 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے، عثمان خان نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب نے 23 رنز کا اضافہ کیا۔ شاداب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 16ویں اوور میں صرف 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ 7 کھلاڑی دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔

آسٹریلیا کی تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز کے حصے میں آئیں۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان اس میچ کا حصہ نہیں تھے۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close