پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا اور تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ سے قبل یہ اہم سیریز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگی، جس میں پہلا میچ 29 جنوری، دوسرا 31 جنوری جبکہ آخری اور فیصلہ کن مقابلہ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے۔ آسٹریلوی ٹیم 28 جنوری کو لاہور پہنچے گی، جبکہ قذافی اسٹیڈیم تینوں مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کے مطابق یہ سیریز پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے سال کا شاندار آغاز ثابت ہوگی اور بورڈ اس کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کون شامل ہوگا اور کون باہر رہے گا، اس کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ واضح رہے کہ مارچ 2022 کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






