دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی ایل ٹی 20 کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں اس وقت ماحول گرم ہوگیا جب ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔
یہ واقعہ ایم آئی ایمریٹس کی اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا۔ نسیم شاہ کی گیند پر پولارڈ نے دفاعی شاٹ کھیلا اور گیند سیدھی بولر کی جانب چلی گئی۔ نسیم شاہ نے گیند اٹھاتے ہوئے مسکراتی نظر پولارڈ پر ڈالی، جس پر پولارڈ نے فوری اور جارحانہ ردعمل دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آگئے اور لفظی تکرار شروع ہوگئی۔ پولارڈ واضح طور پر برہم دکھائی دیے جبکہ نسیم شاہ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے۔ امپائرز نے فوراً مداخلت کی اور ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹر جیسن رائے نے بھی بیچ بچاؤ کروا کر معاملہ ٹھنڈا کیا۔
تاہم اصل جواب نسیم شاہ نے بعد میں گیند سے دیا۔ 16ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر انہوں نے کیرون پولارڈ کو آؤٹ کر کے نہ صرف تنازع کا حساب برابر کیا بلکہ میچ کا پانسہ بھی وائپرز کے حق میں موڑ دیا۔ پولارڈ 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فائنل میں ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا آئی ایل ٹی 20 ٹائٹل جیت لیا۔ اس شاندار فتح میں نسیم شاہ کی مؤثر بولنگ اور کپتان سیم کرن کی ناقابلِ شکست نصف سنچری نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ سیم کرن کی قیادت میں ڈیزرٹ وائپرز چار سیزنز میں تیسری مرتبہ فائنل تک پہنچے اور اس بار بالآخر ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






