چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز کے لیے تاریخ ساز انعامات کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آنے والے ایڈیشن میں فرنچائزز کی کارکردگی کو سراہنے کے لیے خصوصی انعامات رکھے گئے ہیں، جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔ اعلان کے مطابق پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کرکٹ کی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والی فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر سے نوازا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی مسلسل بڑھتی ہوئی ترقی میں فرنچائزز اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے انہیں انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر پاکستانی کرکٹ کو نئی بلندیاں دینا ہوں گی۔ واضح رہے کہ آئندہ سیزن میں پی ایس ایل میں پہلی بار 6 کے بجائے 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ دو نئی ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری 2026 کو ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






