پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عمر اکمل نے ایک بار پھر اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ ان کے کیریئر کو سب سے زیادہ نقصان وقار یونس نے پہنچایا۔ ان کے بقول، “وقار یونس کو یہ برداشت نہیں تھا کہ کل کا آیا ہوا لڑکا نئی گاڑی لے کر میدان میں آئے۔ اللّٰہ نے دیا تو اپنے اوپر خرچ کیا، اس میں برائی کیا ہے؟” انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ان کا نہیں بلکہ دیگر کرکٹرز کا بھی ماننا ہے کہ وقار یونس کے دور میں کئی کھلاڑیوں کے کیریئر متاثر ہوئے۔
عمر اکمل نے الزام لگایا کہ وقار یونس ان کی شہرت، کمائی اور طرزِ زندگی سے حسد کرتے تھے۔ “انہوں نے مجھے کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ حسد کی وجہ سے ٹیم سے دور کیا۔ میرا نہیں بلکہ کئی سینئرز کا کیریئر انہوں نے خراب کیا،” سابق بلے باز نے کہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس وقار یونس کے خلاف شواہد موجود ہیں اور وقت آنے پر وہ سب کچھ عوام کے سامنے لے آئیں گے۔ عمر اکمل نے مزید کہا، “بطور سینئر کھلاڑی میں ان کی عزت کرتا ہوں، مگر بطور ہیڈ کوچ ان کی عزت نہیں کروں گا۔”
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






