ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور خاص طور پر پنجاب کنگز فرنچائز پر سنگین الزامات لگا دیے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عزت نہ ملنے کی وجہ سے ہی انہوں نے آئی پی ایل کو جلد خیرباد کہا۔
کرس گیل نے کہا کہ پنجاب کنگز کے ساتھ ان کے تعلقات اس مقام پر پہنچ گئے تھے جہاں ایک سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے انہیں مناسب احترام نہیں دیا جا رہا تھا۔ “آپ نے ٹیم کے لیے اتنی محنت کی ہو اور بدلے میں بچوں جیسا رویہ ملے، یہ دل توڑنے والی بات ہے،” گیل نے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس تمام صورتحال نے ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا: “مجھے لگا جیسے میرے کندھوں پر پہاڑ کا بوجھ ہے۔ زندگی میں پہلی بار ڈپریشن کا شکار ہوا۔ پیسہ سب کچھ نہیں، مینٹل ہیلتھ زیادہ اہم ہے۔”
کرس گیل نے بتایا کہ انہوں نے اس دوران کوچ انیل کمبلے سے فون پر بات کی لیکن گفتگو کے دوران وہ جذباتی ہو کر رو پڑے۔ “میں نے انیل کمبلے کا شکریہ ادا کیا لیکن بات جاری نہیں رکھ پایا، دل بہت بوجھل تھا،” گیل نے کہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کپتان کے ایل راہول نے بھی انہیں ٹیم میں رکنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے انکار کر دیا اور اپنا سامان سمیٹ کر چلے گئے۔
یاد رہے، کرس گیل نے پنجاب کنگز کی طرف سے چار سیزن کھیلے اور فرنچائز کے لیے کئی یادگار اننگز کھیلیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں