ایشیا کپ 2025: شبمن گل اور یشسوی جیسوال کی شمولیت مشکوک

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے شبمن گل اور یشسوی جیسوال کی ٹیم میں شمولیت کو مشکل قرار دے دیا ہے۔

9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایونٹ کے لیے بھارتی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کل متوقع ہے، تاہم تازہ رپورٹس کے مطابق دونوں نوجوان بلے بازوں کو حتمی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ شبمن گل نے حالیہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنا کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی جبکہ یشسوی جیسوال بھی نمایاں رہے، مگر بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم مینجمنٹ انہیں ابھی تجربہ کار کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں سمجھتی۔

رپورٹس کے مطابق مینجمنٹ ایشیا کپ کے لیے سینئر اور آزمودہ بیٹرز پر انحصار کرے گی جو یو اے ای کی سست پچز پر بہتر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی ٹیم ممکنہ طور پر اپنی کامیاب ’کور ٹیم‘ پر ہی بھروسہ کرے گی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کے انتخاب میں گوتم گمبھیر کا کردار اہم ہوگا، جن کی رہنمائی میں بھارت نے حالیہ 15 ٹی20 میچوں میں سے 13 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

مزید یہ کہ ٹیم مینجمنٹ مڈل آرڈر کے لیے تجربہ کار بلے بازوں کی تلاش میں ہے، اور اسی تناظر میں شریاس آئیر اور وکٹ کیپر بلے باز جیتیش شرما کے نام مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close