ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 ایک اور تنازعے کا شکار ہوگئی، جب انڈین لیجنڈز ٹیم نے سیمی فائنل میں بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔
31 جولائی کو برمنگھم میں شیڈول پہلا سیمی فائنل پاکستان چیمپئنز اور انڈیا چیمپئنز کے درمیان ہونا تھا، تاہم بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد یہ میچ منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان ٹیم براہِ راست فائنل میں پہنچ گئی۔ گرین شرٹس اب 2 اگست کو فائنل میں جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔ اس پیشرفت کی تصدیق ڈبلیو سی ایل انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں بھی کی۔ بیان میں بھارت کی جانب سے سیمی فائنل سے دستبرداری پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بھارتی کھلاڑیوں کے انکار کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ اس صورتحال پر کرکٹ حلقوں میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جبکہ شائقین ایک دلچسپ اور تاریخی مقابلے سے محروم رہ گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں