ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025ء کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ طے پا گیا ہے، جو 31 جولائی کو انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں بھارتی لیجنڈز نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث یہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایونٹ کے حالیہ اہم میچ میں بھارتی چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کو 145 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے بھارت نے اسٹورٹ بنی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 13.2 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے یہ ہدف 14.1 اوورز کے اندر مکمل کرنا ضروری تھا، تاکہ رن ریٹ کی بنیاد پر آگے بڑھا جا سکے۔
پاکستان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے۔ اب سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہو چکی ہے، جس میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ ایونٹ کے آغاز میں بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس پر منتظمین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میچ منسوخ کر دیا تھا۔ اب شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ کیا بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں گرین شرٹس کا سامنا کرے گی یا ایک بار پھر میچ سے راہ فرار اختیار کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں