بھارتی کرکٹ بورڈ کو بڑا جھٹکا: کڑی پابندیاں عائد

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو نئی مشکل کا سامنا ہے، کیونکہ بھارتی حکومت کے متعارف کردہ نیشنل اسپورٹس گورننس بل نے بورڈ کو نیشنل اسپورٹس پالیسی کے دائرہ کار میں لے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بی سی سی آئی اب دیگر نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کی طرح حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کا پابند ہوگا۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد یہ بل تمام قومی کھیلوں کی فیڈریشنز پر لاگو ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت بی سی سی آئی کے موجودہ صدر راجر بنی دوبارہ اس عہدے کے اہل نہیں ہوں گے، کیونکہ ان کی عمر 70 سال ہوچکی ہے، جو پالیسی میں مقرر کردہ حد سے زیادہ ہے۔ بی سی سی آئی کو ستمبر یا اکتوبر میں جنرل کونسل اجلاس بلا کر نئے صدر کے لیے انتخابات کروانا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن نہ کروائے گئے تو بی سی سی آئی پر پابندی لگ سکتی ہے، اور اسے بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کے نام کے استعمال کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ نئی پالیسی میں صدر، سیکریٹری اور خازن کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 70 سال مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، کسی بھی تنازع کی صورت میں بی سی سی آئی یا کرکٹ ایسوسی ایشنز عدالت کا رخ نہیں کر سکتیں، بلکہ انہیں نیشنل اسپورٹس ٹریبیونل سے رجوع کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close