بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں عدم شرکت پر ایشیا کپ کے مکمل بائیکاٹ کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی سنگاپور میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں ذاتی طور پر شریک نہیں ہوں گے بلکہ آن لائن شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کی سربراہی میں پہلا سالانہ اجلاس ہوگا۔ محسن نقوی نے ایشیا کپ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈھاکا میں طلب کیا ہے، تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارت، عمان، سری لنکا اور افغانستان اس اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔ ان ممالک کی غیر موجودگی میں ہونے والے کسی بھی فیصلے کو اہمیت نہ دینے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ کے انعقاد کے لیے اجلاس کا مقام تبدیل کیا جائے، بصورت دیگر ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی اجلاس کا مقام تبدیل کرنے پر آمادہ نہیں اور اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ اے سی سی نے تمام رکن ممالک کو آن لائن شرکت کا آپشن بھی فراہم کیا ہے تاکہ کسی بھی رکن کی غیر حاضری اجلاس میں رکاوٹ نہ بنے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں