ڈی آر ایس یا ڈرامہ؟ بھارتی بیٹر کے آؤٹ ہونے پر گواسکر کا پھٹ پڑنا!

بھارت کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹر سنیل گواسکر نے لارڈز ٹیسٹ کے دوران ڈی آر ایس (ڈسیژن ریویو سسٹم) پر سخت سوالات اٹھا دیے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن کا آغاز بھارتی ٹیم کے لیے انتہائی مایوس کن رہا۔ دوسری اننگز میں بھارت نے 193 رنز کے ہدف کا تعاقب 58 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا، لیکن جلد ہی رشبھ پنت، کے ایل راہول اور واشنگٹن سندر بھی پویلین لوٹ گئے، اور بھارت صرف 82 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھا۔ رشبھ پنت اور واشنگٹن سندر کو جوفرا آرچر نے شاندار گیندوں پر آؤٹ کیا، مگر تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب کے ایل راہول کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ ابتدائی طور پر امپائر نے راہول کو ناٹ آؤٹ دیا، لیکن انگلش کپتان بین اسٹوکس کے ریویو لینے پر ڈی آر ایس نے فیصلہ پلٹ دیا اور انہیں 39 رنز پر آؤٹ قرار دے دیا گیا۔

اسی لمحے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ڈی آر ایس کی درستگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا:”یہ حیرت انگیز ہے کہ گیند اتنی کم باؤنس ہوئی۔ جب بھارتی بولرز گیند کر رہے تھے تو کئی گیندیں اسٹمپس کے اوپر سے جا رہی تھیں۔ میں اس ٹیکنالوجی پر سوال اٹھا رہا ہوں۔”یہ پہلا موقع نہیں کہ گواسکر نے ڈی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔ چوتھے روز بھی جب جو روٹ کو ریویو کے بعد ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا، تب بھی انہوں نے اسی ٹیکنالوجی پر اعتراض کیا تھا۔یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے اختتام پر انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 22 رنز سے شکست دی اور سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close