شاداب خان کی سرجری، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

شاداب خان کی سرجری، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان کے دائیں کندھے کی کامیاب سرجری ہو گئی ۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شاداب خان نے مداحوں کو اطلاع دی کہ ان کی سرجری کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔شاداب خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ “الحمداللہ، میری سرجری کامیاب رہی ہے، اب میرا اگلا مرحلہ ریکوری اور ری ہیب کا ہے۔ شاداب خان نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کی دعاؤں اور حمایت کا شکریہ، براہ کرم جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

سرجری کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاداب خان کم از کم 3 ماہ تک کرکٹ میدانوں سے دور رہیں گے، ان کی عدم دستیابی کے باعث وہ پاکستان کی آئندہ سیریز جو بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہے کا حصہ نہیں ہوں گے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی ٹیم اگلے ماہ بنگلا دیش کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

شاداب خان کی ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تاحال شاداب خان کی مکمل ریکوری کا باضابطہ ٹائم لائن یا ممکنہ واپسی کی تاریخ جاری نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ شاداب خان حالیہ مہینوں میں انجری مسائل کے باعث کئی اہم میچز سے محروم رہے۔ میڈیکل ٹیم کی تجویز پر انہیں کندھے کے علاج کے لیے آپریشن کرانا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close