بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو مسلسل شکستوں سے بچانے کا طریقہ سوچ لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
روزنامہ جاگرن کی تازہ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی حکام، کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کے درمیان ہونے والی جائزہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی بیویوں کو بین الاقوامی دوروں پر ان کے ہمراہ مکمل طور پر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی کووڈ سے پہلے کے اصول کو دوبارہ متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، کھلاڑیوں کی بیویوں اور اہلخانہ کو پورے دورے میں کھلاڑیوں کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق45 دن سے زیادہ چلنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کے لیے اہلیہ کھلاڑی کے ساتھ صرف 14 دن رہ سکتی ہے تاہم مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد کو کم کر کے صرف 7 دن کر دیا جائے گا۔آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں ویرات کوہلی،کے ایل راہول اور ان کی بیویوں کے ساتھ دیکھا گیا، بورڈ کو لگتا ہے کہ پورے دورے کے دوران فیملی کی موجودگی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمام بھارتی کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں سفر کرنا ہوگا، پچھلے کچھ سالوں میں بہت سے کھلاڑی تنہا سفر کرنے کو ترجیح دیتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق ٹیم اتحاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اب تمام کھلاڑی ٹیم بس سے ہی سفر کریں گے، کوئی کھلاڑی کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اسے الگ سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں