اسلام آباد (پی این آئی) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈیوائن براوو کا 21 سالہ کرکٹ کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔
براوو نے 2021 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا جس کے بعد وہ دنیا کی مختلف لیگز میں شرکت کر رہے ہیں۔2023 میں انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔براوو گزشتہ دنوں کیریبئین پریمیئرلیگ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد اب انہوں نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
براوو نے انسٹاگرام پر اپنی طویل پوسٹ میں اعلان کیا کہ آج وہ دن ہے جب میں اُس شاندار کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں جس نے مجھے سب کچھ دیا ۔ 5 سال کی عمر سے سے مجھے معلوم تھا کہ میں بس کرکٹ ہی کھیلنا چاہتاہوں، مجھے کسی اور چیز میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور میں نے اپنی پوری زندگی اس کے لیے وقف کر دی تھی اور اس کھیل نے مجھے وہ زندگی دی جس کا میں نے اپنے اور اپنے خاندان کے لیے خواب دیکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 21 سال پروفیشنل کرکٹ کھیلنا ایک ناقابل یقین سفر رہا، جس میں بہت سی اونچ نیچ دیکھی، میرا دماغ مزید کھیلنا چاہتا ہے لیکن میرا جسم مزید انجریز ، درد کو برداشت نہیں کر سکتا، لہٰذا، بھاری دل کے ساتھ، میں باضابطہ طور پر اس کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے ساتھ ہی اپنے فینز کا بھی بہت شکریہ ادا کیا۔ ڈی جے براوو اب مختلف لیگز میں مینٹورکے کردار میں نظر آئیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں