انجری کا شکار نسیم شاہ سے متعلق اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) دورہ آسٹریلیا سے قبل نسیم شاہ سے متعلق پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری، ورلڈکپ سے قبل انجری کا شکار ہو جانے والے نوجوان فاسٹ باولر کی فٹنس سے متعلق اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ آئندہ چند روز میں پریکٹس کا آغاز کر دیں گے، امکان ہے کہ وہ دورہ آسٹریلیا کے آغاز سے قبل ہی پریکٹس کا آغاز کر دیں، تاہم آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں نسیم شاہ کی شرکت کے امکانات کم ہیں۔ چند ہفتے قبل برطانیہ میں کندھے کے آپریشن کے بعد نسیم شاہ تیزی سے ریکور ہوئے ہیں، جلد ہی وہ رننگ کے ساتھ ساتھ باولنگ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر نسیم شاہ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل کرنے میں کامیاب رہے، تو وہ جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ہمارا اہم بائولر ہے اور ان کا ری ہیب جاری ہے، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی کمی محسوس ہو گی۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آسٹریلوی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں جس کے لیے محنت کی ضرورت ہے ، وہاں کی پچز اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمپ میں چار مختلف پچز پر پریکٹس کر رہے ہیں۔

عمر گل نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں لمبے سپیل کرانا معمول کی بات ہے، لمبے سپیل کرانے سے متعلق حکمت عملی تیار کی ہے، انہوں نے کہا کہ بائولنگ میں ہمیشہ بہتری کی ضرورت ہوتی ہے ، شاہین شاہ آفریدی تجربہ کار بائولر ہیں اور دورہ آسٹریلیا میں ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ڈومیسٹک پرفارمرز کو عزت دینی چاہیے ، ٹیسٹ سکواڈ میں سینئرز کے ساتھ ، ساتھ ڈومیسٹک پرفارمرز بھی شامل ہیں ، ہمارا بائولنگ اٹیک اچھا ہے اور امید ہے آسٹریلیا میں بہتر نتائج دیں گے۔ سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اس طرح پرفارم نہیں کر سکی جیسی امید تھی، پاکستان ٹیسٹ سکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے ، پہلے روز کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، بائولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی ، تربیتی کیمپ 28 نومبر تک جاری ہے گا ،واضح رہے کہ قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ ، دوسرا ٹیسٹ میں 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close