ورلڈکپ 2023، پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار، مگر کیسے ؟ جانئے

اسلام آباد (پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی آسٹریلیا کیخلاف شکست کے بعد زخموں سے چور پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں پھر روشن ہونے لگیں۔ بھارت میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا گروپ اسٹیج اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ میں موجود تقریباً تمام ٹیمیں آدھے سے زیادہ میچز کھیل چکی ہیں۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو بھارت اور جنوبی افریقہ اس وقت ٹاپ 2 ٹیمز ہونے کے باعث سیمی فائنل تک باآسانی پہنچ سکتی ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے بقیہ میچز میں اب بھی جان مارنا پڑے گی۔ دوسری طرف سری لنکا اور پاکستان بھی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہوتے ہوئے دیگر ٹیموں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ سری لنکا اور پاکستان دونوں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر کسی اپ سیٹ کی منتظر ہیں۔

قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی ممکنہ صورتحال کی بات کی جائے تو سب سے پہلے پاکستان کو اپنے بقیہ تین میچز جیتنا ضروری ہونگے۔ یہ تین میچز بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے ہیں۔ تینوں میچز جیتنے کے ساتھ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی مدد کی بھی ضرورت ہوگی۔ نیوزی لینڈ اپنے بقیہ 3 میچز میں سے ایک میچ بھی جیت جاتا ہے تو رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔

نیوزی لینڈ کے اگلے تین میچز جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ہیں۔ نیوزی لینڈ اگر یہ میچز ہارجاتا ہے تو پاکستان باآسانی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close