ورلڈ کپ 2023 میں پہلی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی

کولکتہ (پی این آئی ) ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہو گیا، نیدرلینڈ ایک اور فتح حاصل کرنے میں کامیاب، کولکتہ میں بنگال ٹائیگرز ڈچ ٹیم کے دیے آسان ہدف کو بھی حاصل نہ کر سکے۔

ورلڈکپ کے 28ویں میچ میں نیدرلینڈز نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، وکرم جیت سنگھ 3 جبکہ میکس او ڈاؤڈ صفر پر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ کی شراکت کیلئے ویزلی بیریسی اور کولن ایکرمین نے 59 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بیریسی 41 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جبکہ کولن ایکرمین 15 اور باس ڈی لیڈز 17، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 35 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 50 اوور میں 229 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان، شریف الاسلام ، مہدی حسن اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ میں دوبارہ کم بیک کریں۔

اس موقع پر بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ مسلسل ہار سے ٹیم دباؤ کا شکار ہے، کوشش کریں گے نیدرلینڈز کیخلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں