کرکٹ ورلڈکپ 2023ء، کوہلی نے نیا اعزاز حاصل کر لیا

پونے ( آئی این پی )آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ2023ء کے سترہویں میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔بھارت نے بنگلادیش کا 257 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی پورا کرلیا۔ویرات کوہلی 103 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، شبھمن گل 53 اور روہت شرما نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کے شہر پونے میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے، لٹن داس 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔واضح رہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں بنگلادیش کی قیادت شکیب کی جگہ نجم الحسن شانتو نے کی، ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں نجم الحسن شانتو نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ کراڈ ہمیں سپورٹ کرے گا۔دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے جبکہ کھلاڑی میچز کو انجوائے کر رہے ہیں۔ بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر تنزید حسن اور لٹن داس نے کیا ، بنگلادیشی اوپنرز نے 14 اوورز اور 4 گیندوں کے دوران 93 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی لیکن پھر تنزید حسن 43 گیندوں پر 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بعد ازاں اوپنر لٹن داس 66 ، کپتان نجم الحسن شانتو 8 اور مہیدی حسن میراز صرف 3 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ توحید نے 16 اور مشفیق الرحیم نے 38 رنز بنائے ، ناسم احمد نے 14 رنز بنائے، یوں بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج اور جڈیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش آج اپنا اس ایونٹ کا چوتھا، چوتھا میچ کھیل رہے ہیں، بھارت نے اپنے تینوں میچز جیتے جبکہ بنگلادیش کو ایک میچ میں کامیابی ملی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close