آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

بنگلور (پی این آئی) بھارت کیخلاف شکست کے بعد پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، زخمی ہو جانے والے تگڑے آسٹریلین کرکٹر کی پاکستان کیخلاف میچ سے قبل بھارت پہنچ جانے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے بائیں ہاتھ کے فریکچر کے بعد پہلی بار بیٹنگ پریکٹس شروع کردی ہے، صحت یابی کے بعد ان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ہیڈ کی گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران بائیں ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی تھی لیکن انہیں 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا کیونکہ سلیکٹرز کو امید تھی کہ وہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل کے لئے وقت پر فٹ ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر ٹریوس ہیڈ شیڈول کے مطابق صحت یاب ہوئے تو وہ پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کے میچ سے قبل بھارت پہنچ سکتے ہیں۔ ہیڈ نے آسٹریلوی ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امید سے زیادہ تیزی سے صحت یاب ہوا ہوں، فریکچر کی سرجری کرانے کا مطلب دس ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہنا تھا اس لئے سرجری نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔ ہیڈ نے کہا کہ چار ہفتوں تک سخت ٹریننگ نہ کرنے کی ہدایت تھی لیکن بیٹنگ کرنے اور کچھ شاٹس کھیلنے کے قابل تھا، اب فٹ ہوں اور ورلڈ کپ کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان اور لیگ سپنر اسامہ میر بھی آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں ۔ پاکستانی ٹیم رواں ورلڈکپ میں 20 اکتوبر کو بنگلور کے چنا سوامی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف مدمقابل ہو گی۔ اوپنر فخر زمان گھٹنے کی انجری اور لیگ سپنر اسامہ میر بخار میں مبتلا تھے، دونوں کھلاڑی اپنی بیماریوں سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور اہم میچ کے لئے سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔ قومی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے احمد آباد سے بنگلور پہنچی،ایک دن آرام کے بعد منگل کی شام آسٹریلیا کے خلاف میچ کیلئے ٹریننگ سیشن شروع کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close