وقار یونس کا 33 سال پرانا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا

کراچی (پی این آئی) وقار یونس کا 33 سالہ ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا، سری لنکن سپنر وانندو ہسارنگانے بھی سابق پاکستانی پیسر کی طرح لگاتار 3 میچز میں 5 یا زائد وکٹیں اڑانے کا کارنامہ انجام دے دیا۔ زمبابوے میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سری لنکن بولر وانندو ہسارنگا کی جانب سے تباہ کن بولنگ کا سلسلہ جاری ہے، انھوں نے گزشتہ روز آئرلینڈ کے خلاف 10 اوورز میں 79 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں، ہسارنگا نے لگاتار تیسرے میچ میں 5 یا زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا۔

ٹورنامنٹ کے اپنے ابتدائی میچ میں انھوں نے یواے ای کیحلاف 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں لی تھیں، اس کے بعد عمان سے میچ میں صرف 13 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس طرح وہ رواں ایونٹ کے ابتدائی 3 میچز کے دوران 16 وکٹیں لے چکے ہیں۔ہسارنگا نے لگاتار 3 میچز میں 5 یا زائد وکٹیں اڑاکر پاکستان کے سابق اسٹار وقار یونس کا 1990 میں قائم کیا گیا ریکارڈ برابر کردیا، اب سری لنکن اسپنر کے پاس سب سے زیادہ لگاتار میچز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے کے اعزاز پر قبضے کا موقع بھی موجود ہے، اس کیلیے انھیں اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کے آخری گروپ میچ میں بھی 5 شکار کرنا ہوں گے۔ اسپنر اب تک 44 ون ڈے میں 61 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔موجوہ فارم کے پیش نظر وہ اپنی وکٹوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں، سپرسکس راؤنڈ کے اختتام پر ٹاپ 2 پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں کو بھارت میں اکتوبر میں شیڈول ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع میسر آئے گا ، ان 2 ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں