لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے ویرات کوہلی کو کھری کھری سنا دیں

اوول(پی این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ویرات کوہلی کے شاٹ سلیکشن پر آگ بگولہ ہوگئے۔اتوار کو آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بن گیا تاہم آخری روز ویرات کوہلی جنہوں نے 44 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، صرف 5 رنز ہی مزید بناسکے اور 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوہلی کی جانب سے کھیلے گئے غیر ذمہ دارانہ شاٹ کی بدولت سلپ میں ان کی گیند سمتھ نے شاندار انداز میں کیچ کی، یہ دیکھ کر ناصرف بھارتی شائقین بلکہ سابق بھارتی کرکٹرز اور تجزیہ کار بھی نالاں ہوئے۔ میچ کا تجزیہ کرتے ہوئے لائیو ٹی وی پروگرام میں گواسکر کوہلی کے آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے اور اپنے الفاظ پر قابو نہ رکھ سکے۔میزبان نے سوال کیا کہ بھارت کے 2 گیندوں پر 3 آؤٹ ہوئے، خاص طور پر جیسے ویرات کی وکٹ گری تو انہوں نے وہ شاٹ کیسے کھیلا؟جواب میں سنیل گواسکر نے کہا ‘وہ انتہائی برا شاٹ تھا، یہ آف سٹمپ کے باہر ایک بہت ہی عام شاٹ تھا، شاید اسے اپنی ہاف سنچری کرنے کی زیادہ فکر تھی کیونکہ اس کے لیے ایک رن درکار تھا، یہ ہوتا ہے جب آپ کسی مائیل سٹون کے نزدیک ہوتے ہیں’۔ سنیل گواسکر نے کہا ‘آپ مجھ سے پوچھ رہی ہیں کہ اس نے یہ کیسے کیا، آپ کو یہ ویرات کوہلی سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے یہ شاٹ کیوں کھیلا؟ ہم کئی بار یہ بات کرچکے ہیں کہ جب ہمیں میچ جیتنا ہو تب ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے’۔انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی اتنی بات کرتا ہے کہ میچ کیسے جیتنا ہے، اس کے لیے لمبی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے، پھر آپ یہ کیسے کرسکتے ہیں، جب گیند آف سٹمپ کے باہر ہو تو آپ اسے کیسے کھیل سکتے ہیں؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close