لاہور(پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 8 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔سپرنووا ٹرافی جیتنے کے ساتھ ساتھ فاتح ٹیم کو 120 ملین روپے(12کروڑ روپے) کا چیک بھی ملے گا۔
دریں اثنا، رنرز اپ کو انعامی رقم 48 ملین روپے (چار کروڑ 80لاکھ روپے)ملیں گے۔ٹورنامنٹ کا آغاز کل (پیر) ملتان میں افتتاحی تقریب سے ہوگا، جس کے بعد پہلا میچ 2021 کی فاتح ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔پی ایس ایل 8 کی اختتامی تقریب اور فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جو پلے آف کی میزبانی بھی کرے گا۔لاہور قلندرز بیک ٹو بیک ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کی کوشش کرے گی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ تین بار ٹرافی اٹھا کر کامیاب ترین ٹیم بننے کی کوشش کرے گی۔تمام چھ فرنچائزز نے کم از کم ایک بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتا ہے، جس نے ٹورنامنٹ میں ٹیموں کے معیار اور اعلیٰ سطح کے مقابلے کا مظاہرہ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 اور 2018 میں ٹائٹل جیتا تھا۔
پشاور زلمی نے 2017 کا ایڈیشن جیتا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، جو پہلے دو ایڈیشنز میں فائنلسٹ تھے، نے 2019 کا مقابلہ جیت لیا۔ کراچی کنگز پہلی ٹیم تھی جس نے 2020 میں کراچی میں لاہور قلندرز کو آسانی کے ساتھ شکست دے کر اپنے گھر پر ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ملتان سلطانز نے 2021 میں اپنا پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔ گزشتہ سال لاہور قلندرز نے لاہور میں پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں