عمران طاہر نے ریٹائرمنٹ نہ لینے کی وجہ بتا دی

دبئی (پی این آئی)جنوبی افریقا کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے پاکستانی نژادسپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ میں پیسوں کیلئے نہیں کھیلتا، میں عزت کیلئے کھیلتا ہوں۔ ابوظہبی میں امارات انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی ٹوئنٹی یو اے ای) میں ممبئی انڈینز (ایم آئی) ایمیریٹس کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ انہیں کبھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑے کنٹریکٹ نہیں ملے،

لیکن یہ اعتماد ہے کہ اگر پرفارمنس دی تو ملین ڈالرز لینے والوں کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہوں،عمران طاہر نے مزید کہا کہ میں فٹنس کیلئے بہت محنت کرتا ہوں، پس پردہ ہونیوالی محنت کسی کو نظر نہیں آتی، میری عمر میں یہ سب آسان نہیں لیکن مجھے اپنی محنت اور اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے۔جنوبی افریقی کرکٹر سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے جنوبی افریقا میں جاری لیگ پر امارات میں ہونیوالی لیگ کو کیوں ترجیح دی تو انہوں نے کہا کہ وہ اب جنوبی افریقا میں نہیں بلکہ دبئی میں فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور اس لیگ میں رہتے ہوئے وہ فیملی سے قریب بھی رہ سکتے ہیں ، عمران طاہر نے اپنے دل کی باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پہلے فرنچائز میری عمر پر سوال کرتی تھیں، مجھ پر پیسہ خرچ کرنے سے کتراتی تھی، میں جب بھی گراؤنڈ میں آتا ہوں مجھے خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی کرکٹ اس لیے کھیل رہے ہیں کیوں کہ انہیں آج بھی اس کھیل کی بھوک ہے، جس دن کھیل سے جی بھرگیا چھوڑ دیں گے، وہ عزت کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں ، عمران طاہر، آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی جانب سے بھی ایکشن میں ہوں گے، عمران طاہر اس بار بطور پلاٹینم کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔لاہور میں پیدا ہونیوالے عمران طاہر نے اپنی ابتدائی کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی مگر یہاں موقع نہ ملنے کی وجہ سے وہ جنوبی افریقا جا بسے جہاں دو ہزار گیارہ میں بتیس سال کی عمر میں انہوں نے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا،یاد رہے کہ ابو ظہبی میں ای آئی ایمیریٹس کے خلاف کھیلے گئے میچ عمران طاہر نے 26 رنز پر تین وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close