فیک فیلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی ، بنگلہ دیش کو بھارت کیخلاف میچ میں پانچ رنز سے محروم کیے جانے کا انکشاف

ایڈیلیڈ (پی این آئی ) بنگلہ دیش کو مبینہ طور پر قانون کو نظرانداز کر کے 5 رنز سے محروم رکھے جانے کا انکشاف، بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ ایک اور تنازعے کا شکار ہو گیا، ویرات کوہلی کی جانب سے “فیک فیلڈنگ” کا مظاہرہ کیے جانے کے باوجود ایمپائرز کی جانب سے معاملے کو نظرانداز کر دیا گیا۔

 

 

کرک انفو ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹر نور الحسن نے بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں بدھ کو کھیلے گئے میچ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔نور الحسن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سب نے دیکھا کہ ہمیں گیلے گراونڈ میں کھیل پیش کرنا پڑا، جبکہ میچ کے دوران “فیک فیلڈنگ” کا بھی ایک واقعہ پیش آیا جس کا ہمیں فائدہ حاصل نہ ہو سکا۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جب بنگلہ دیشی بلے بازوں کی جانب سے ہدف کا تعاقب کیا جا رہا تھا، تب اس دوران بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے “فیک فیلڈنگ” یعنی گیند پکڑ کر وکٹ کی جانب سے پھینکنے کی اداکاری کی، حالانکہ باونڈری پر موجود فیلڈر کی جانب سے پھینکی گئی گیند ویرات کوہلی تک پہنچی ہی نہیں تھی۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر میچ کے دوران کوئی فیلڈر “فیک فیلڈنگ” یعنی گیند پکڑ کر پھینکنے کی اداکاری کرے، اپنے اس عمل سے وکٹ پر موجود بلے باز کو دھوکہ دینے کی کوشش کرے، تو اس صورت میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو بطور پینلٹی 5 اضافہ رنز دے دیے جاتے ہیں۔

 

 

تاہم بنگلہ دیش اور بھارت کے میچ کے دوران ویرات کوہلی کی “فیک فیلڈنگ” کے باوجود ایمپائرز کی جانب سے بنگلہ دیش کو 5 اضافی رنز نہیں دیے گئے، اور یہی رنز میچ کے اختتام پر حتمی فرق ثابت ہوئے۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں دلچسپ مقابلے بعد بھارت نے بنگلادیش کو 5 رنز سے ہرایا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ بھارت نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لیوئس میتھیڈ کے تحت 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا، حریف ٹیم 6 وکٹ پر 145 رنز بناسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close