نیدرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کر دی گئی

پرتھ (پی این آئی) نیدرلینڈ کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ، حیدر علی کی جگہ فخر زمان میدان میں اتریں گے، میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا گیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے زیراہمتام مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا میں جاری ہیں، میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ کل اتوار کو نیدرلینڈز کے خلاف پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع ہو گا، قومی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رئوف شامل ہیں جبکہ حیدرعلی کی جگہ فخر زمان کو فائنل 11 کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پہلے دو میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کے لئے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے، سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لئے گرین شرٹس کو یہ میچ ہر صورت جیتنا ہو گا، پاکستان کو گروپ کے پہلے میچ میں بھارت جبکہ دوسرے میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اسی روز گروپ ٹو کے میچ میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں برسبین میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ پرتھ میں کھیلا جائے گا۔دوسری جانب میچ کے دوران بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

 

پرتھ میں اس وقت موسم سرد اور درجہ حرارت 10 ڈگری ہے۔ پرتھ میں اتوار کو دن مقامی وقت دو سے چار بجے تک بارش کی پیش گوئی ہے۔اتوار کو بارش کے امکانات اس وقت 50 فیصد سے کم ہیں، دو بجے 35، تین بجے 24 اور چار بجے 11 فیصد امکانات ہیں، پرتھ میں ہفتہ کو بھی کچھ دیر بارش ہوئی ہے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی بھی ہوئی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close