کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر، پاکستان کا بھارت میں ورلڈکپ 2023 میں شرکت نہ کرنے پر غور

لاہور (آئی این پی )ایشیا کپ میں شرکت کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنیکے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا اور بھارت کے نہ آنے کے فیصلے پر پی سی بی ورلڈ کپ 2023 بھی نہ کھیلنے پر غور کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور میں پی سی بی تھنک ٹینک کا اجلاس ہورہا ہے جس میں ایشیا کپ میں شرکت کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنیکا معاملہ زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی)کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کو غیر ضروری اور جلد بازی قرار دیا جائیگا، صدر ایشین کرکٹ کونسل جے شاہ تنہا کوئی فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں۔ذرائع نے بتایا ہیکہ ایشین کرکٹ کونسل کا مقصد رکن ممالک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، اے سی سی اگر مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتا تو پھر اے سی سی میں رہنے کا فائدہ نہیں، پاک بھارت میچ سے اے سی سی کو ریونیو ملتا ہے، اے سی سی یہ ریونیو کرکٹ کے فروغ اور ڈویلپمنٹ پر خرچ کرتا ہے، اگر اے سی سی کو یہ ریونیو نہیں چاہیے توپی سی بی کے لیے بہتر ہے اے سی سی سے الگ ہو جائے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے جس میں ایشین کرکٹ کونسل سے الگ ہونے سمیت آئی سی سی ورلڈکپ 2023 بھی نہ کھیلنے پر غور کیا جارہا ہے، 50 اوورز کے ورلڈکپ کی میزبانی آئندہ سال اکتوبر نومبر میں بھارت نے کرنی ہے۔خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے کہا کہ اگلے برس ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے فورم کو نظر انداز کردیا،بھارت سے تعلق رکھنے والے اے سی سی کے صدر نے خود فیصلے سنانے شروع کردیے ہیں، انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بغیر ہی فیصلہ سنایا۔خیال رہے کہ پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیاکپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close