انگلینڈ کے ساتھ ٹی 20 سیریز، پاکستان نے 2-3 کی برتری حاصل کر لی

لاہور(آئی این پی )پاکستان نے ناقص بیٹنگ کے بعد بائولرز کی شان دار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو سیریز کے پانچویں ٹی20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کم ترین ٹارگٹ ہونے کے باوجودمات کھا گئی،محمد رضوان مین آف دی میچ قرار پائے ۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے 5ویں میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 17 کے اسکور کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔محمد رضوان نے دوسرے اینڈ سے اسکور آگے بڑھاتے رہے لیکن دیگر بلے باز ان کا ساتھ دینے میں مکمل ناکام ہوئے اور مسلسل آئوٹ ہوتے گئے۔دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور مشکل میں نظر آئے۔ڈیوڈ ویلی نے ان کو 42 کے اسکور پر آئوٹ کیا لیکن ان کا حصہ صرف 7 رنز تھا، جس میں ایک چوکا بھی شامل تھا۔حیدر علی کو مارک ووڈ نے 4 رنز سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی اور 51 کے مجموعے پر انہوں نے ٹیم کا ساتھ چھوڑ دیا۔پاکستان کی ناقص بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور بلے باز افتخار احمد ایک مرتبہ پھر کارکردگی دکھانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئے تاہم 15 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچایا۔جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور آصف علی کو بڑے اسکور کے لیے موقع تھا لیکن وہ مارک ووڈ کی گیند سمجھنے سے قاصر رہے۔ٹیم کا اسکور جب 88 رنز پر پہنچاتھا تو آصف علی آئوٹ ہوئے، جس کے بعد محمد نواز کھاتہ کھولنے میں ناکام ہوئے اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کو ساتواں نقصان نائب کپتان شاداب خان کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، جب اسکور 100 ہوگیا تھا۔شاداب خان نے ایک چھکے کی مدد سے 2 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عامر جمال نے 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز بنائے، جو ٹیم کی جانب سے رضوان کے بعد دوہرا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے بلے باز تھے۔محمد رضوان نے ایک اینڈ بدستور سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ٹیم کے آئوٹ ہونے والے 9ویں بلے باز محمد رضوان تھے، جب ٹیم مجموعی اسکور 131 رنز تھا اور انہوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرکے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے آئوٹ ہونے والے آخری بلے باز حارث رف تھے، جو ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بنا کر کرس ووکس کی وکٹ بنے۔انگلینڈ کے بالرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ڈیوڈ ویلی اور سیم کیوران نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری جب محمدنواز نے الیکس ہیلز کو شاداب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔حارث رئوف نے اننگز کے چوتھے اوور کی پہلی ہی گیند پر فل سالٹ کی وکٹ حاصل کرکے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔محمد وسیم نے انگلینڈ کی تیسری وکٹ اپنے نام کی اور خطرناک بلے باز بین ڈوکیٹ کو آئوٹ کردیا۔ہیری بروکس کو شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کردیا، جب امپائر علیم ڈار نے انہیں آئوٹ قرار نہیں دیا تو بابراعظم نے ریویو کا حق استعمال کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی۔عامر جمال نے ٹی20 کیریئر کی پہلی وکٹ محمد وسیم کے ایک اچھے کیچ کی بدولت حاصل کی۔سیم کیوران انگلینڈ کے آٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے، انہوں نے 11 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنائے تھے۔حارث رف نے اپنے کوٹے کے آخری اوور میں کرس ووکس کی اہم وکٹ حاصل کی۔انگلینڈ کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم کریز پر موجودبلے باز صرف 9 رنزکا اضافہ کرسکے ، اسی طر ح آخری بال پر جیت کیلئے 7رنز درکار تھے تاہم اس پر صرف ایک رن بن سکا ، اسی طرح پاکستان کو فتح حاصل ہوگئی اور اس نے سات میچوں کی سیریز کے کھیلے گئے پانچ میچوں میں تین جیت کر تین دو سے برتری حاصل کرلی ۔ بہترین بلے بازی پر محمد رضوان مین آف دی میچ قرار پائے ۔ میچ سے قبل بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عثمان قادر کی جگہ شاداب خان اور محمد حسنین کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے ۔آل رائونڈر عامر جمال نے ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 ان کے بین الاقوامی کیریئر کا بھی پہلا میچ تھا ۔ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے عامر جمال کو کیپ تھمادی۔میچ کے لیے پاکستان بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، شان مسعود، حیدرعلی، افتخار احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، عامر جمال، محمد وسیم، حارث رئوف جبکہ انگلینڈمعین علی(کپتان)، فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈوکیٹ، ہیری بروکس، سیم کیوران، کرس ووکس، ڈیوڈ ولی، عادل رشید، مارک ووڈپرمشتمل تھی ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں