کراچی(این این آئی)پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے والے کھلاڑیوں اور شائقین کا ابلتے گٹروں سے استقبال ہو گا۔ڈالمیا سے آنے والی مرکزی شاہراہ پر نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ کے عین سامنے گٹر ابل رہے ہیں۔بدبو دار اور تعفن زدہ پانی نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ کے سامنے گٹر میں گرتا ہے، سیوریج کے اس پانی سے کچھ عرصہ قبل تعمیر کی گئی نئی سڑک تباہ ہو رہی ہے۔
آج سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہو رہا ہے، 17 سال بعد پاکستان آنے والی انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور شائقین یہیں سے گزریں گے۔کراچی کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر ہچکولے لینے کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کراچی کی یہ بدبو اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی بدانتظامی بھی دیکھے گی۔کئی مہینوں سے گٹر لائن کو اوور پاس کرتے ہوئے گزرنے والے سیوریج کے پانی کی وجہ سے سڑکوں پر کائی جم چکی ہے۔یہ شہری حکومت کی ذمہ داری ہے یا کنٹونمنٹ بورڈ کی نااہلی اس کی وجہ ہے؟ اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کے موقع پر کسی کو بھی ملک کی عزت کا احساس نہیں ہے۔نیشنل اسٹیڈیم سے نکل کر کارساز روڈ کی طرف آتے ہوئے کئی بنگلوں کا پانی بھی کارساز روڈ پر بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر گڑھے پڑ چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں