سری لنکا نے پاکستان کو شکست دیکر فائنل سے قبل خطرے کی گھنٹی بجا دی

دبئی (آئی این پی)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔سری لنکا نے پاکستان کا 122 رنز کا ہدف 17 اووز میں 5 وکٹوں پر پورا کرلیا،پاتھم نسنکا 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

سری لنکن بولرز کے سامنے قومی بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے، پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بابر اعظم 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ محمد نواز 26 محمد رضوان 14 فخر زمان اور افتخار 13،13 اور خوشدل شاہ 4 رنز بناکر آٹ ہوگئے۔سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا نے 3 جبکہ مادوشان اور ٹھیکشانا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں،شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے، ان کی جگہ عثمان قادر اور حسن علی ٹیم میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔بھارت سپر فور مرحلے میں 3 میں سے صرف ایک میچ جیت سکا جبکہ افغانستان کو اپنے تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل 11 ستمبراتوار کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close