لاہور (پی این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے کرکٹ کے شوق اور گھر پر درپیش مالی مشکلات بیان کر کے اپنے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ بابر اعظم نے انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ انڈر 15 کے لیے سیلیکٹ ہوئے تو ان کے پاس کرکٹ کھیلنے والے جوتے نہیں تھے۔ انہوں نے اپنےایک کزن سے جوتے ادھار مانگے اور اس نے دینے سے انکار کردیا۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس انکار نے مجھے یہ سکھا دیا کہ اب جو بھی ہو ،
بھلے کم ہو، اپنا ہو، کسی سے کچھ نہیں مانگنا۔ بابر اعظم نے بتایا کہ کرکٹ کا بچپن سے ہی بہت شوق تھا، پوری پوری رات کرکٹ کھیلتے تھے پھر خیال آیا کہ اب مجھے کلب جانا چاہیے، تو کلب کیلئے کِٹ درکار ہوتی ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ شروع کے ایک مہینے تو کسی کے کپڑے تو کسی کا بلّا استعمال کیا لیکن پھر احساس ہوا کہ اب اپنا سامان ہونا چاہیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جب پہلی مرتبہ والد سے کِٹ مانگی تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں،
لیکن جب میری یہ خواہش والدہ تک پہنچی تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس کچھ پیسے ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ اُس وقت والدہ نے مجھے ساڑھے 3ہزار روپے دیے، اس وقت میری خوشی دیکھنے کے قابل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پیسے لے کر میں گیا اور اپنی پسند کا 1500 کا ایک بیٹ خریدا، جو اب بھی گھر پر رکھا ہوا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں