کراچی: بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور بڑا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
پاکستانی اسٹار بیٹر نے یہ سنگ میل پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران عبور کیا، جہاں انہوں نے صرف 338 اننگز میں 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کیے۔
بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار کرس گیل کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 345 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی نے 360 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 368 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے 12ویں جبکہ دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں، اس سے قبل شعیب ملک بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






