انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر شائقین کی شمولیت کے ذریعے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کو تاریخ کا سب سے زیادہ قابل رسائی عالمی کرکٹ ایونٹ بنانے کے لیے ایک بڑا عالمی مہم پروگرام شروع کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق تمام میچز کو آئی سی سی ویب سائٹ اور ایپ پر ICC.tv کے ذریعے 80 سے زائد خطوں میں دکھایا جا رہا ہے جبکہ پہلی بار منتخب میچز یوٹیوب پر بھی براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔ ان میں بھارت اور پاکستان کے درمیان گروپ اے کا بڑا میچ کولمبو میں شامل ہے جس کے لیے جاپانی اور باہاسا زبان میں کمنٹری بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی سی سی ٹی وی پر انگریزی کے ساتھ ہندی، اردو اور نیپالی کمنٹری بھی دستیاب ہے۔ بھارت میں براڈکاسٹ پارٹنر جیو سٹار میچز کو متعدد علاقائی زبانوں میں نشر کر رہا ہے۔
ریڈیو نشریات برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن تیار کر رہا ہے جو عالمی سطح پر آئی سی سی ایپ پر دستیاب ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران آئی سی سی نے نیا کری ایٹر کلب اور میچ انسائٹس فیچر بھی متعارف کروایا ہے جس سے شائقین کو حقیقی وقت کے اعداد و شمار کے ذریعے کھیل کو بہتر سمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔
شائقین کو مزید قریب لانے کے لیے عالمی سطح پر فین پارکس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ بھارت میں میریٹ بونوائے اور سنیما چین پی وی آر انوکس کے ذریعے میچز دکھائے جا رہے ہیں۔
سری لنکا میں ڈائیلاگ جبکہ بڈوائزر نے بھی فین ایکٹیویشنز شروع کی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سٹارز پلے پروموشن کر رہا ہے جبکہ کوکا کولا نے نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں فین پارک قائم کیا ہے۔
پاکستان میں فین پارکس کراچی اور لاہور میں قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈیجیٹل پارٹنر ٹیپ میڈ کے ذریعے میچز دکھائے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






