ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان کا بھارت کیخلاف کھیلنے سے انکار، آئی سی سی پریشان، بیک چینل رابطوں کا فیصلہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے اعلان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد عالمی کرکٹ کی گورننگ باڈی پاکستان کو آمادہ کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے معاملہ سلجھانے کے لیے بیک چینل رابطوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کی ذمہ داری ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو سونپی گئی ہے۔ عمران خواجہ، جو سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی بھی کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خواجہ کو موجودہ صورتحال میں “پلے دی پیس میکر” کا کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ دونوں فریقین کے درمیان کوئی قابلِ قبول حل نکالا جا سکے۔ واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اتوار، 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب تک آئی سی سی کو اپنے باضابطہ پلیٹ فارم کے ذریعے اس فیصلے سے متعلق مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close