پاکستان کی جانب سے بھارت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردعمل سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اہم فیصلے کے بعد آئی سی سی بیک فٹ پر آ گئی ہے اور اپنے بیان میں کہا کہ اس فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ رابطے کے منتظر ہیں، اور آئی سی سی کے ہر ایونٹ میں مشروط شرکت سے اتفاق کرنا مشکل ہے۔
آئی سی سی نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے فیصلے میں حکومتی کردار کی عزت کرتے ہیں، لیکن پاکستان کا فیصلہ کھیلوں کی روح کو متاثر کرے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مزید کہا کہ امید ہے پاکستان فیصلے کے منفی اثرات پر غور کرے گا، اور آئی سی سی کے ہر ممبر کی طرح پاکستان کی بھی اپنی ذمہ داری ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی سے توقع ظاہر کی کہ وہ اس مسئلے کا قابل قبول حل نکالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی لاہور میں ملاقات ہوئی، جس میں ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کرے گا، تاہم عالمی کپ میں بھارت سے میچ نہیں کھیلے گا۔
حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کی منظوری دیدی ہے اور ٹوئٹ کے ذریعے کہا گیا کہ پاکستان ٹیم بھارت سے میچ نہیں کھیلے گی۔ پاکستانی حکومت کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی، جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ لے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






