پی ایس ایل کی نئی فرنچائز ’’سیالکوٹ‘‘ کا مکمل نام کیا ہوگا؟اعلان کردیا گیا

پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فرنچائز سیالکوٹ کے مکمل نام کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ’اوزید‘ گروپ کے چیئرمین حمزہ مجید نے شریک مالک کامل خان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بتایا کہ ٹیم “سیالکوٹ اسٹالینز” کے تاریخی اور مقبولِ عام نام کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ حمزہ مجید کا کہنا تھا کہ اسٹالینز محض ایک نام نہیں بلکہ سیالکوٹ کی کرکٹ کی پہچان اور ایک عظیم تاریخ کا عنوان ہے، اسی لیے شائقین کی خواہشات اور شہر کی روایتی پہچان کو برقرار رکھنے کے لیے اس کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ اسٹالینز کی واپسی سے لیگ کی رونقیں بڑھیں گی اور جلد ہی ٹیم کے لوگو، کٹ اور کھلاڑیوں کے حوالے سے بڑے سرپرائزز دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فائنل کیے گئے ناموں کی فہرست میں سیالکوٹ تھنڈرز، سیالکوٹ سکسرز، سیالکوٹ فیلکنز اور سیالکوٹ شاہینز بھی شامل تھے مگر قرعہ اسٹالینز کے نام نکلا۔

اس فرنچائز کے حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے لیے اسے خریدنے کا اعزاز او زیڈ گروپ نے حاصل کیا ہے جس نے 185 کروڑ روپے کی بھاری رقم کے عوض 10 سال کے لیے مالکانہ حقوق حاصل کیے۔ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی بولی کے دوران دو نئی ٹیمیں، سیالکوٹ اور حیدرآباد، مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔ مجید چوہدری نے اس موقع پر پی ایس ایل کی مہنگی ترین ٹیم خرید کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ مجید چوہدری کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ ایک طویل عرصہ آسٹریلیا میں گزارنے کے بعد دو سال قبل وطن سے محبت اور ملک کی خدمت کے جذبے کے تحت پاکستان واپس آئے ہیں۔

مجید چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ وہ پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے حصول کے لیے گزشتہ ڈیڑھ سال سے محنت کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جو پوری قوم کو متحد کرتا ہے اور پی ایس ایل اب پاکستان کی عالمی شناخت بن چکی ہے۔ انہوں نے لیگ کی انتظامیہ کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی دوسری بڑی لیگ ہے اور اگر معیار برقرار رہا تو یہ جلد ہی دنیا کی نمبر ون لیگ بن جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے غیر ملکی مینٹورز کے بجائے مقامی لیجنڈز پر انحصار کریں گے کیونکہ پاکستان نے کرکٹ کو عظیم نام دیے ہیں اور شاہد آفریدی و شعیب اختر جیسے کھلاڑی ان کے لیے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں۔

اس دوران پی ایس ایل کے حوالے سے دیگر خبریں بھی گردش میں ہیں جن کے مطابق قومی ٹیم کے ایک سابق غیر ملکی کوچ نے لیگ جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے لیے ریٹینشن فارمولہ فرنچائزز کے لیے درد سر بنا ہوا ہے جبکہ لیگ میں بڑی اصلاحات لاتے ہوئے ڈرافٹ کی جگہ آکشن سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ مجید چوہدری کا ماننا ہے کہ ان تمام تبدیلیوں اور سیالکوٹ جیسی بڑی ٹیموں کی شمولیت سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں نمایاں ہوگا اور ملکی معیشت و کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close