لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اہم اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران محسن نقوی نے ٹیم مالکان کو مشورہ دیا کہ ٹیموں کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فیس میں بھی نمایاں اضافہ ہونا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی (آکشن) کی تجویز بھی پیش کی۔ محسن نقوی کے مطابق آکشن سسٹم کے ذریعے ٹیمیں اپنی مرضی کے کھلاڑی منتخب کرسکیں گی، جس سے براہِ راست فائدہ کھلاڑیوں کو ہوگا اور لیگ مزید مسابقتی بنے گی۔
اجلاس میں محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ایس ایل میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں کو کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے دیگر فرنچائزز کے برابر مواقع دیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی ایس ایل کی آٹھوں فرنچائزز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا جبکہ کامیاب نیلامی پر محسن نقوی اور پی ایس ایل انتظامیہ کو مبارکباد بھی دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






